بھونیشور ،03؍اپریل (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) کانگریس نے کٹک لوک سبھا سیٹ سے ریاست کے سابق وزیر پنچانن قانون گو اور بیگنیا اسمبلی سیٹ سے پرتھوی ولبھ پٹنائک کو میدان میں اتارا ہے۔پرتھوی ریاست کے تین بار وزیر اعلی رہے آنجہانی جے بی پٹنائک کے بیٹے ہیں۔پرتھوی پہلی بار میدان میں اتر رہے ہیں۔آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کی مرکزی الیکشن کمیٹی نے اڑیسہ کی نو اسمبلی اور دو لوک سبھا سیٹوں کے لئے امیدواروں کا اعلان کیا۔اس فہرست میں پنچانن قانون گو اور پٹنائک کے نام شامل ہیں۔کٹک سیٹ پر سابق وزیر خزانہ قانون گو کا مقابلہ بی جے پی کے پرکاش مشرا اور بیجو جنتا دل کے پانچ بار سے ممبر پارلیمنٹ بھتہری مہتاب سے ہوگا۔مشرا آئی پی ایس افسر ہیں۔کانگریس نے جاج پور لوک سبھا سیٹ سے مانس جیناکی کو میدان میں اتارا ہے جہاں ان کا مقابلہ بیجد امیدوار شرمشٹھا سیٹھی سے ہوگا۔کانگریس نے جاج پور اسمبلی سیٹ سے سنتوش کمار نندا کو میدان میں اتارا ہے وہیں کامکھیا نگرسے بھوانی شنکر مہاپاترا، پارادیپ سے ارندم سرکھیل ، پپلی سے یدھشٹرسامترای کو ٹکٹ دیا ہے۔پارٹی کے اعلان شدہ فہرست کے مطابق مانس داس پٹنائک کو بالاسور سے، اسمرتی ریکھا پائی کو دھرمشالہ سے ترناتھ بہیراکو ہنڈول اور بابی موہنتی کو بارنبا سے میدان میں اتارا گیا ہے۔کانگریس اب تک ریاست کی 21 لوک سبھا سیٹ میں سے 17 کے لئے اور 147 اسمبلی سیٹوں میں سے 123 کے لئے امیدواروں کا اعلان کر چکی ہے۔